سڈنی،22؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا کے سابق سلامی بلے بازوں ڈیوڈ بون، میتھیو ہیڈن اورخاتون آل راؤنڈر کھلاڑی بیٹی ولسن آسٹریلوی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل ہوں گے۔ان تینوں کھلاڑیوں کو پیر کو 2017ایلن بارڈر میڈل تقریب کے دوران آسٹریلوی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل کیا جائے گا۔آسٹریلوی کرکٹ ہال آف فیم کے صدر پیٹر کنگ نے آج کہا کہ بون، ہیڈن اور ولسن کوسلیکشن کمیٹی نے ہال آف فیم میں شامل کرنے کے لئے منتخب کیا۔کنگ نے کہا کہ ڈیوڈ بون اور میتھیو ہیڈن ان 12کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے 100یا اس سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں لیکن ان کی شراکت اس اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ بون نے ایلن بارڈر کی قیادت والی آسٹریلوی ٹیم کو آگے بڑھانے میں اہم کردار نبھایا جس نے 1987میں ورلڈ کپ جیتا اور پھر دنیا میں بہترین ٹیسٹ ٹیم بنی،وہ عالمی کپ 1987میں انگلینڈ کے خلاف فائنل کے بہترین کھلاڑی تھے۔انہوں نے کہا کہ میتھیو ہیڈن اس آسٹریلوی ٹیم کا اہم حصہ تھے جس نے 2003اور 2007میں عالمی کپ جیتے اور ایک دھماکہ خیز سلامی بلے باز اور سلپ میں بے مثال فیلڈر سے وہ اس ملک کے دائمی عظیم کھلاڑیوں میں شامل ہو جاتے ہیں۔ولسن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بیٹی ولسن ایک بہترین آل راؤنڈر رہی جنہوں نے اپنی بلے بازی اور آف سپن سے خاص تاثر چھوڑا،یہ کرکٹ کی بدقسمتی ہے کہ وہ دوسری جنگ عظیم کی وجہ سے صرف 11ٹیسٹ میچ ہی کھیل پائی،اس کی وجہ یہ بھی تھی کہ اس وقت آج کے مقابلے میں خواتین کرکٹ کے بہت کم میچ ہوا کرتے تھے۔